رہنما مسلم لیگ ن میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کو ملک اور قوم نے بھگتا ہے۔
اپنے بیان میں جاوید لطیف نے کہا کہ مینار پاکستان پر پاکستانی عوام میاں نواز شریف کا تاریخی استقبال کریں گے، مینار پاکستان کا جلسہ نواز شریف کی زندگی کے بڑے جلسوں میں سے ایک ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی بہت عزت کرتا ہوں، بلاول بھٹو کو بات کرنے سے پہلے آصف زرداری صاحب سے پوچھ لینا چاہیے، بلاول بڑوں سے پوچھ کر بتائیں مینار پاکستان پر 2011 میں جلسے میں حصہ ڈالنے والے کون تھے؟ انہیں کیا صلہ دیا گیا؟
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عدم اعتماد اور سینیٹ چیئرمین انتخاب پر مخصوص قوتوں کا ساتھ دے کر انہیں کیا ملا؟
جاوید لطیف نے مزید کہا کہ کیا یہ درست ہے کہ کسی کی خواہش پر ہائی جیکر بنا کر سزا دے دی جائے ملک ڈوبنے لگے تو پھر 2008 میں انصاف کے دروازے کھولے جائیں، اس کے بعد 2017 میں پھر ناانصافی ہو اور 7سال بعد پھر انصاف کا دروازہ کھلے، کیا اسے انصاف کہیں گے؟