کراچی( اسٹاف رپورٹر )امریکی قائم مقام قونصل جنرل جمی مولڈین اور راشد حسین سفیر برائے مذہبی آزادی نے محکمہ خارجہ کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ نگران وزیر داخلہ و جیل خانہ جات سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ نے وفد کو حکومت کی اہم کامیابیوں بالخصوص داخلی سلامتی اور اقلیتوں کے حقوق/ تحفظ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے مندوبین کو بتایا کہ داخلی سلامتی کو بہتر بنانے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ فریقین نے اقلیتی برادری کے لیے سرکاری ملازمتوں کے لیے مختص کوٹہ، جبری تبدیلی مذہب اور توہین مذہب کے واقعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔