سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کی پاکستان آمد پر سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے، شہباز شریف نے نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے بڑے بھائی کو پاکستان واپسی کے حوالے سے استقبال کی تیاریوں پر بریفنگ دی، جبکہ دونوں کے درمیان سعودی عرب اور دبئی میں اہم ملاقاتوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان آپ کے استقبال کیلئے تیار ہے، مینار پاکستان پر تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، پنجاب اور پاکستان کے دیگر شہروں سے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں۔
نواز شریف نے استقبال کیلئے بھرپور انتظامات اور مہم چلانے پر شہباز شریف کو شاباش دی۔
دوسری جانب قائد مسلم لیگ ن کی 21 اکتوبر کو کی جانے والی تقریر بھی فائنل کرلی گئی، جس میں معیشت کی بحالی ٹاپ ایجنڈے میں شامل ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں سے چھوڑا تھا وہی سے آغاز ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر سپر پاور بنانے کا عزم کیا گیا ہے، جبکہ عام آدمی کیلئے سہولتوں کو ترجیح قرار دیا ہے، اس کے علاوہ نواز شریف کل اہم اعلان کریں گے۔