• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کل آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف 4 سال بعد کل وطن واپس پہنچیں گے، نوازشریف کل مینار پاکستان لاہور میں جلسے سے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔

لاہور میں نواز شریف کے استقبال کے لیے کراچی، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد سمیت مختلف شہروں سے ٹرینوں اور بسوں میں قافلوں کی روانگی شروع ہوگئی۔

مینار پاکستان گراؤنڈ میں مسلم لیگ ن کے جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، نواز شریف کے خطاب کیلئے مرکزی اسٹیج تیار کر لیا گیا ہے جبکہ پنڈال میں کرسیاں بھی لگائی جا رہی ہیں، گلگت بلتستان،خیبر پختونخوا اور سندھ سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے کارکنوں کیلئے کھانے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

نواز شریف کے خطاب کیلئے 40 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے، اسٹیج کے پیچھے سیکیورٹی کیلئے 3 کنٹینرز لگائے گئے ہیں، اسٹیج کے اردگرد گراؤنڈز کو جست کی چادروں سے کور کیا گیا ہے، جبکہ اسٹیج کے اِردگرد خار دار تار لگا دیے گئےہیں، جلسہ گاہ میں بڑی بڑی لائٹس اور مسلم لیگ ن کے جھنڈے لگا دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب قائد مسلم لیگ ن کی 21 اکتوبر کو کی جانے والی تقریر بھی فائنل کرلی گئی، جس میں معیشت کی بحالی ٹاپ ایجنڈے میں شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر سپر پاور بنانے کا عزم کیا گیا ہے، جبکہ عام آدمی کیلئے سہولتوں کو ترجیح قرار دیا ہے، اس کے علاوہ نواز شریف کل اہم اعلان کریں گے۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا، شہباز شریف نے بڑے بھائی کو پاکستان واپسی کے حوالے سے استقبال کی تیاریوں پر بریفنگ دی، جبکہ دونوں کے درمیان سعودی عرب اور دبئی میں اہم ملاقاتوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان آپ کے استقبال کیلئے تیار ہے، مینار پاکستان پر تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، پنجاب اور پاکستان کے دیگر شہروں سے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں۔

نواز شریف نے استقبال کیلئے بھرپور انتظامات اور مہم چلانے پر شہباز شریف کو شاباش دی۔

قومی خبریں سے مزید