• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے استقبالیہ قافلوں کی حلوہ پوری، حلیم، نان سے تواضع

---فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
---فوٹو بشکریہ ٹوئٹر 

مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے استقبال کے لیے پنجاب سمیت ملک بھر سے متعدد قافلے لاہور کی جانب گامزن ہیں۔

صوبۂ پنجاب کے شہر راولپنڈی سے روانہ ہونے والے قافلے میں 100 سے زائد بسیں اور 200 سے زائد گاڑیاں شامل ہیں، قافلہ راولپنڈی سے مینارِ پاکستان لاہور پہنچے گا۔

قافلے کی قیادت مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی اور چوہدری تنویر کر رہے ہیں۔

روانگی سے قبل حنیف عباسی کی جانب سے مختلف حلقوں میں کارکنوں کے لیے لذیذ ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

حلوہ پوری، چنے، آلو بھجیا، حلیم اور گرم نان سے کارکنان کی تواضع کی گئی۔

نواز شریف کے استقبال کے لیے قافلے آئی جے پی روڈ پر اکٹھے ہوں گے، نصیر آباد سے آنے والے قافلوں کو بھی مرکزی قافلے میں شامل کیا جائے گا۔

آئی جے پی روڈ سے براستہ 22 نمبر چونگی موٹروے سے قافلے لاہور روانہ ہوں گے۔

کارکنان کی ٹرانسپورٹ کے لیے بسیں مختلف حلقوں میں پہنچا دی گئی ہیں۔

لودھراں سے بھی قافلہ روانہ

نوازشریف کے استقبال کے لیے مسلم لیگ ن کا لودھراں سے بھی قافلہ لاہور کے لیے روانہ ہوا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سابق اراکینِ صوبائی و قومی اسمبلی قافلے میں شامل ہیں۔

قافلے کی لاہور کے لیے روانگی سے قبل شرکاء کے لیے دنیا پور میں چنے، نان اور حلوہ پوری کا اہتمام کیا گیا۔

گوجرانوالہ سے بھی  قافلہ لاہور کی جانب گامزن

گوجرانوالہ سے ن لیگ کا مرکزی قافلہ گکھڑ منڈی سے لاہور روانہ ہو گیا۔

ن لیگ کا مرکزی قافلہ عطاء تارڑ کی قیادت میں روانہ ہوا ہے۔

عطاء تارڑ کا قافلے کے شرکاء سے متعلق کہنا ہے کہ 5 ہزار افراد کا ہمارے قافلے کا ٹارگٹ تھا جس کی تعداد دگنی ہو گئی ہے۔

گوجرانوالہ سے خواتین بھی بڑی تعداد میں اپنے قائد نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور روانہ ہوئی ہیں۔

اٹک سے قافلے لاہور کی جانب رواں دواں

اٹک سے مسلم لیگ ن کے قافلے لاہور کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، قافلے میں بسیں، کاریں اور وین شامل ہیں۔

اٹک سے روانہ ہونے والے قافلوں کی قیادت سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد، سہیل کمڑیال، سردار رحمت اور حمید اکبر خان کر رہے ہیں۔

قافلوں کی روانگی سے قبل کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نواز شریف کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

 مظفر گڑھ سے قافلوں کی روانگی

سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کے استقبال کے لیے مظفر گڑھ سے بھی قافلہ روانہ ہو گیا ہے جس میں درجنوں کاریں اور بسیں شامل ہیں۔

نواز شریف کو خوش آمدید کہنے کے لیے میاں چنوں سے بھی قافلہ روانہ

میاں چنوں سے بھی مسلم لیگ ن کے کارکنان کا قافلہ نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور روانہ ہو گیا ہے۔

رہنما ن لیگ میاں اسلم بودلہ کا بیان

رہنما ن لیگ میاں اسلم بودلہ نے نواز شریف کی آمد پر کہا ہے کہ مینارِ پاکستان پر آج تاریخی جلسہ ہوگا۔

رہنما شہاب الدین نے کیا کہا ؟

سابق ایم این اے شہاب الدین خان کی قیادت میں بھی باجوڑ سے قافلے لاہور روانہ ہو گئے ہیں۔

سابق ایم این اے شہاب الدین خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کا شاندار استقبال کریں گے۔

روانگی سے قبل راجہ ریاض نے کیا کہا؟

رہنما ن لیگ راجہ ریاض نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ  مہنگائی، بے روزگاری سے غریب پریشان ہیں، نواز شریف مینارِ پاکستان کے مقام پر جلسے سےخطاب کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 500 افراد کا ہدف دیا گیا تھا، جبکہ 3 ہزار افراد میرے ساتھ جا رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید