امریکا سے تعلق رکھنے والے جوڑے کےلیے ایفل ٹاور کی چھت پر حادثاتی طور پر پھنس جانا نیک شگون ثابت ہوگیا۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق پیرس میں موجود ایفل ٹاور کے ٹاپ یعنی چھت کی سیر کےلیے امریکی شہر واشنگٹن ڈی سے تعلق رکھنے والا ایک جوڑا بھی پہنچا۔
عامر خان نامی نوجوان اپنی دوست کیٹ وارین کو شادی کی پیشکش کرنا چاہتے تھے، جس کے لیے انہوں نے عشائیے کا وقت متعین کیا تھا اور یہ سب انہوں نے یہ پیشکش رومانوی انداز میں پرسکون ماحول میں کرنی تھی۔
تاہم عامر خان کی امیدوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب پیرس کی پولیس نے اوباش نوجوان کو ایفل ٹاور پر چڑھنے کی کوشش میں گرفتار کیا اور اس تمام تر صورتحال کی وجہ سے ٹاور کی لفٹ بھی کئی گھنٹوں کےلیے بند ہوگئی جس کی وجہ سے ٹاور کی چھت یا ٹاپ پر موجود سیاح بھی پھنس گئے۔
عامر خان نے اپنی شادی کی پیشکش کا وقت فوراً تبدیل کردیا اور اب انہوں نے اپنی دوست کو اسی ٹاور کی چھت پر پروپوز کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایفل ٹاور کی چھت پر خبر رساں ادارے کا ایک رپورٹر بھی پھنس گیا تھا جس سے بات کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ میں نے انداہ لگایا کہ ہم یہاں اپنے تصور سے زائد دیر تک پھنسے رہ سکتے ہیں، لہٰذا بہتر یہی ہے کہ کیٹ کو یہیں پروپوز کیا جائے کیونکہ کیٹ چاہتی بھی یہی تھیں کہ انہیں ٹاور کی چھت یا پھر ٹاور کے نیچے پروپوز کیا جائے۔
کیٹ وارین کا کہنا تھا کہ بلاشبہ میرا جواب ہاں ہی تھا، جب آپ 330 میٹر بلند ٹاور پر پھنسے ہوں تو نہ کہنے کا جواز ہی پیدا نہیں ہوتا۔