• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈکپ: بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا


فوٹو بشکریہ کرک انفو
فوٹو بشکریہ کرک انفو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2023ء کے 21ویں میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔

دھرم شالا میں کھیلے جانیوالے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے بھارت کو  274 رنز کا ہدف دیا گیا تھا، جو میزبان ٹیم نے 48ویں اوور کی چوتھی گیند پر پورا کرلیا۔

بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے 95 رنز کی شاندار  اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ کپتان روہیت شرما 46 اور شریاس ائیر نے 33 رنز بنائے جبکہ کے ایل راہول 27 اور شبمن گل 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

رویندرا جڈیجا 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سوریا کمار یادیو صرف 2 رنز بنا سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فیرگوسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ٹرینٹ بولٹ، میٹ ہینری اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی، نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مچل نے 130 رنز بنائے، ڈیرل مچل کی اننگز میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

نیوزی لینڈ کی ٹیم جب بیٹنگ کرنے آئی تو اسے ابتدا میں اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب 9 کے اسکور پر اوپننگ بیٹر ڈیون کانوے چوتھے اوور میں محمد سراج کی گیند پر  بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔

نویں اوور کی پہلی گیند پر نیوزی لینڈ کو  19 کے اسکور پر دوسری وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑگیا، جب بھارتی بولر  محمد شامی نے دوسرے اوپنر ول ینگ کی وکٹیں اڑا دیں ول ینگ 27 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو سنبھالا دینے کیلئے ڈیرل مچل آئے اور انہوں نے کریز پر پہلے سے موجود رچن رویندرا کے ساتھ محتاط انداز میں بیٹنگ کرکے 159 رنز کی شراکت قائم کی۔

تاہم 34 ویں اووز کی تیسری گیند پر رچن رویندرا 178 کے اسکور پر شبھن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنی اننگر میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 87 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 205 کے اسکور پر گری جب اس کے کپتان ٹام لتھن صرف 5 رنز بنا کر کلدیب یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ 38 رنز کی شراکت کے بعد نیوزی لینڈ کو اپنی پانچویں وکٹ سے بھی اس وقت ہاتھ دھونا پڑا جب گلین فلپس کلدیپ یادیو کی گیند پر 23 رنز بنا کر روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

جب نیوزی لینڈ کا اسکور 257  ہوا تو اسے اپنی چھٹی وکٹ کا نقصان مارک چمپن کی صورت میں اٹھانا پڑا جو صرف 6 رنز بنا کر جسپریت بمرا کی گیند پر ویرات کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، 48 ویں اوور کی چوتھی گیند پر نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 260 کے اسکور پر اس وقت گری جب مچل صرف ایک رن بنا کر محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

 260 کے ہی اسکور پر  نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ گر گئی جب میٹ ہنری بغیر کوئی رن بنائے محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے  زبردست اننگر کھیلنے والے ڈیری مچل نویں نمبر پر 130 رنز بنا کر ویرات کوہلی کے ہاتھوں 273 کے اسکور پر کیچ آؤٹ ہوگئے  جبکہ 50 ویں اوور کی آخری گیند پر 273 کے ہی مجموعے پر فرگوسن 1 رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5 وکٹیں لیں، کلدیپ یادیو نے 2 محمد سراج اور جسپریت بمرا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

محمد شامی کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر چلی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس شکست کے بعد دوسری پوزیشن پر آگئی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید