بالی ووڈ اداکار عمران خان سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ آٹھ برس بعد بالی ووڈ میں واپسی کےلیے تیار ہیں جس کےلیے انکی ایک نامور ہدایتکار سے بات چیت بھی شروع ہوگئی ہے۔
اپنی مشہور فلموں جانے تو یا جانے نہ، دہلی بیلی، آئی ہیٹ لوو اسٹوریز، گوری تیرے پیار میں اور کڈنیپ سمیت دیگر کی وجہ سے کافی معروف ہیں۔
بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کے بھانجے عمران خان آخری بار 2015 کی بالی ووڈ فلم کٹی بٹی میں نظر آئے تھے۔
جس کے بعد سے 40 سالہ عمران خان فلمی دنیا سے دور رہے۔ اس دوران انکے پرستار انکی واپسی کے حوالے سے حیران و پریشان رہے۔
تاہم اب آٹھ برس بعد عمران خان کی جانب سے ممبئی کی فلم نگری میں واپسی کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے۔
اس سلسلے میں بھارتی میڈیا میں یہ اطلاع تھی کہ عمران خان کی معروف بھارتی فلمی ہدایتکار اور اسکرین رائٹر عباس ٹائر والا سے ایک جاسوسی و ایکشن ڈرامہ سیریز کے حوالے سے پہلے ہی بات چیت چل رہی ہے، یہ سیریز ایک معروف او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر اسٹریم ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال کے اوائل میں عمران خان نے بالی ووڈ میں اپنی واپسی کے اشارے دیے تھے۔
اب ایک بار پھر انہوں نے حال ہی میں منعقدہ ایک ایونٹ میں کہا کہ وہ اسکرپٹس پڑھنے کے ساتھ کئی فلمسازوں سے پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کر رہے ہیں۔