• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پتا نہیں نواز شریف کی واپسی میں جلاوطنی کا لفظ کہاں سے آگیا، سعید غنی

پیپلز پارٹی کراچی کے صدر اور سابق صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پتا نہیں نواز شریف کی واپسی میں جلاوطنی کا لفظ کہاں سے آگیا۔

کراچی میں پیپلز سیکریٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی نے کہا کہ میں سن رہا تھا کہ نواز شریف جلاوطنی ختم کر کے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف تو علاج کرانے لندن گئے تھے اور صحت مند ہوکر واپس آگئے ہیں، پتا نہیں یہ جلا وطنی کا لفظ کہاں سے آیا۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ نواز شریف کو ملک میں رہ کر ہی سیاست کرنی چاہیے، مسلم لیگ ن لگتا ہے اب بھی پنجاب حکومت چلا رہی ہے، یہ تاثر رد ہونا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کسی ایک جماعت کو لاڈلی والی ٹریٹمنٹ نہیں ملنی چاہیے، ہم تمام سیاسی پارٹیوں کو الیکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم بنائی ہم نے تھی یہ بات درست ہے ہم اس کا حصہ بھی تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کے جانے کے بعد ہم پی ڈی ایم کا حصہ نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ صرف وہ لوگ جنہوں نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا، ان کو سزا ملنی چاہیے، ن لیگ کایہ ماننا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل یا پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے۔

سعید غنی نے کہا کہ ہماری ایسی سوچ نہیں کہ کسی پارٹی پر پابندی لگائی جائے، 2018ء میں چیئرمین پی ٹی آئی لاڈلا تھا اس مرتبہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید