پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے فلسطینی قیادت کے ساتھ مل کر دنیا میں فلسطین کا مقدمہ لڑا۔
بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد میں فلسطین کے سفارخانے پہنچے اور سفارتکار احمد جواد امین ربعی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ سینیٹر شیری رحمان اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
پیپلز پارٹی کے اعلامیے کے مطابق دوران ملاقات بلاول بھٹو زرداری نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اس کٹھن وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے فلسطینی قیادت سے مل کر دنیا میں فلسطین کا مقدمہ لڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حملوں میں سیکڑوں فلسطینی بچوں کی شہادت انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔
پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے اسپتال پر بمباری کر کے ثابت کر دیا کہ اس کا وجود دنیا کے لیے سکیورٹی رسک ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔
اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو فلسطینی سفارتکار نے فلسطینی مزاحمت کا علامتی رومال پہنایا۔
اس موقع پر چیئرمین پی پی نے فلسطینی سفارتخانے کی گیسٹ بک میں اپنے تاثرات رقم کیے۔