• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متلعق ڈھیل ہے نہ ڈیل: رانا ثناءاللّٰہ

ہم بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کو کہتے ہیں کہ آپ ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں، رانا ثناءاللہ - فوٹو: فائل
ہم بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کو کہتے ہیں کہ آپ ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں، رانا ثناءاللہ - فوٹو: فائل

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متلعق حکومت کے پاس نہ کوئی ڈھیل ہے نہ ڈیل۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی جن کے کیسز بنے تھے انہیں عدالتوں سے ریلیف ملا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا جو بہترین علاج ہوسکتا ہے وہ ہوا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اسے ریگولیٹ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کو کہتے ہیں کہ آپ ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں، ہم انہیں کہتے ہیں دہشت گردی کیخلاف کارروائیوں کو بھرپور سپورٹ کریں۔

افغانستان کو 4 ماہ قبل پیغام دیا تھا

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی پر جو پالیسی آج اپنائی گئی ہے اسے پہلے اپنانا چاہیے تھا، اگر چند سال قبل یہ پالیسی اپنائی جاتی تو دہشتگردی کا نام و نشان نہ رہتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے 4 ماہ قبل افغانستان کو پیغام دیا تھا، افغانستان کو بتادیا تھا کہ دہشت گرد اور پاکستان میں کسی ایک کا انتخاب کرلیں۔ افغانستان کو بات سمجھ نہیں آئی تو ردعمل دیا گیا۔ جب جب دہشت گرد افغانستان سے پاکستان پر حملے کریں گے ردعمل دیا جائے گا۔

فائر وال پر 400 ارب بھی لگیں تو کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا

رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ چالیس ارب روپے کی فائروال اگر فیل ہوئی ہے تو وہ دوبارہ بنے گی۔ اگر فائروال دوسری بار بھی فیل ہوئی تو وہ تیسری بار بھی بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی یلغار سے اگر آپ خود کو محفوظ نہیں رکھیں گے تو پھر تباہی ہے۔ اس پر اگر 40 ارب یا 400 ارب بھی لگیں تو کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کوئی ملک ایسا نہیں جس نے اس یلغار سے خود کو محفوظ نہ کیا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ فائروال سے متعلق نقص کو دور کیا جانا چاہیے، اگر وہ گری ہے تو دوبارہ بنانا چاہیے۔

طیارے کو صرف پروپیگنڈے کے لیے ایشو بنایا ہوا ہے

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز بلوچستان گئیں، خیرسگالی کے دورے پر پنجاب نے اپنے چھوٹے بھائی کو 10 ارب روپے دیے۔ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے، اس کے بڑے وسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو طیارہ لیا گیا ہے وہ کسی جماعت کا یا چیف منسٹر پنجاب کا کوئی ذاتی اثاثہ نہیں۔ کچھ لوگوں نے طیارے کو صرف پروپیگنڈے کے لیے ایشو بنایا ہوا ہے۔

رانا ثنااللّٰہ کا کہنا تھا کہ یہ طیارہ جدید ہے، اس نے آگے 30، 40 سال رہنا ہے، پہلا جو جہاز تھا وہ اس کو 25 30 سال بعد ریپلیس کیا جارہا ہے۔ یہ طیارہ ٹیکنالوجی کے حساب سے بہتر ہے یہ پنجاب کا اثاثہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید