کراچی وائٹس نے فیصل آباد کو فائنل میں 456 رنز سے شکست دے کر قائد اعظم ٹرافی جیت لی۔ صائم ایوب مین آف دی فائنل جبکہ سرفراز احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل کے آخری روز فیصل آباد نے دوسری اننگز 129 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی، کپتان فہیم اشرف نے مزاحمت کرتے ہوئے سنچری مکمل کی۔
فہیم اشرف نے 23 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 147 رنز بنائے۔ 790 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی فیصل آباد کی ٹیم 333 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کراچی وائٹس کی جانب سے غلام مدثر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
فائنل کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اور دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے صائم ایوب پلیئر آف دی میچ قرار پائے جبکہ کپتان سرفراز احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔
سرفراز نے ایونٹ میں مجموعی طور پر 697 رنز اسکور کرنے کے علاوہ ایک اسٹمپ اور 27 کیچز کیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے انعامات تقسیم کیے۔