آرمی جیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فوج عوام کی بہتری کےلیے قومی و صوبائی سطح پر پوری طرح مصروف عمل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہیں اسمگلنگ، بجلی چوری، منشیات پھیلاؤ، بارڈر کنٹرول کے اقدامات اور غیرقانونی سرگرمیاں روکنے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا
شرکاء کو بین الاقوامی و علاقائی سیکیورٹی اور قومی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ فوج عوام کی بہتری کےلیے قومی و صوبائی سطح پر پوری طرح مصروف عمل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم مضبوط قوم ہیں جس نے امن اور استحکام کے حصول کےلیے بہت سی آزمائشوں کو برداشت کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کو پاکستان سے غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی سے متعلق بھی بتایا گیا۔
آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی کے نتیجے میں معیشت پر پڑنے والے مثبت اثرات کو بھی اُجاگر کیا۔
این ڈی یو کی سالانہ نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ میں تمام مکاتب فکر کے نمائندے شریک ہوتے ہیں۔
ورکشاپ میں پارلیمنٹرینز، سول اور مسلح افواج کے سینئر افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت 98 شرکاء شامل تھے۔