پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے ملاقات اور وضاحت دینے کے بجائے استعفیٰ دے دیا۔
چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو ملاقات کیلئے آج قذافی اسٹیڈیم بلایا تھا، ملاقات میں ذکا اشرف چیف سلیکٹر انضمام الحق سے میڈیا رپورٹس پر وضاحت چاہتے تھے۔
چیف سلیکٹر اور کھلاڑیوں کی میڈیا کمپنی کےحوالے سے میڈیا کی خبروں پر بورڈ کو تحفظات تھے، انضمام الحق نے چیئرمین سے ملاقات اور وضاحت دینے کے بجائے استعفیٰ دے دیا۔
چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نے انضمام الحق کے استعفیٰ کے بعد 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
اس حوالے سے اپنے بیان میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مجھ پر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے سائیڈ پر ہوجاؤں۔
سابق کپتان انضمام الحق کو 7 اگست 2023 کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا اور رواں ماہ کے شروع میں انہیں جونیئر مینز سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بھی مقرر کیا گیا تھا۔