پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح اور فائنل کی دوسری ٹیم سے متعلق اہم پیش گوئی کردی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل آج ممبئی میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’ہارنا منع ہے‘ کے دوران محمد عامر نے پیش گوئی کی ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے سیمی فائنل میں انگلینڈ بھارت کے خلاف فیورٹ ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ بھارتی ٹیم نے بطور یونٹ ابھی تک متوقع کارکردگی نہیں دکھائی ہے، اسی بنیاد پر سیمی فائنل میں انگلینڈ بھارت پر برتری حاصل کر سکتا ہے۔
محمد عامر کے مطابق اگر انگلینڈ دوسرے نمبر پر بیٹنگ کرے تو اس کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں کیونکہ ممبئی میں یہ ہائی اسکورنگ گیم ہو گا۔
عامر نے بھارت کے بعض کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کی کمی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ایشان کشن اور سنجو سمسن نے صرف کچھ میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائی جبکہ ابھیشیک شرما، تلاک ورما اور سوریا کمار یادیو کی فارم مایوس کن ہے۔ سیمی فائنل میں بھارت کی ٹیم کو مکمل طور پر کنٹرول میں دیکھنا مشکل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر آپ بھارت کے بارے میں بات کریں تو صرف ایک یا دو بلے باز اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ وہ اکثر میچ کو سنبھال لیتے ہیں، لیکن مجموعی طور پر ٹیم فارم میں نہیں ہے۔ ایشان کشن نے صرف پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائی، ابھیشیک شرما فارغ ہیں، سوریا کمار یادیو نے سُپر 8 کے بعد کچھ نہیں کیا۔ سنجو نے کچھ کیا، جسپریت بمرا بھی ٹھیک ہے۔
آخر میں محمد عامر نے انگلینڈ کو سیمی فائنل کے لیے فیورٹ قرار دیا۔