آسٹریلیا میں جاری 2026ء اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کے دوران ایران کی خاتون فٹبالر سارہ دیدار پریس کانفرنس میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔
21 سالہ اسٹرائیکر سارہ دیدار نے کہا کہ ٹیم کو ایران میں موجود اپنے اہلِ خانہ اور عزیزوں کی شدید فکر لاحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں پیش آنے والے حالات پر ہم سب بہت پریشان اور غمزدہ ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف گروپ اے کے میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران سارہ دیدار نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے ملک کے لیے جلد اچھی خبریں آئیں گی اور ایران مضبوطی کے ساتھ قائم رہے گا۔
ایرانی ٹیم کی ہیڈ کوچ مرزیہ جعفری نے کہا کہ ٹیم کو اپنے خاندانوں اور ایران کے عوام کی سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش ہے، تاہم وہ یہاں پیشہ ورانہ انداز میں فٹبال کھیلنے آئی ہیں اور اپنی توجہ میچ پر مرکوز رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے کوچ جو مونٹیمورو نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم اور شائقین ایرانی ٹیم کے ساتھ ہمدردی اور احترام کا مظاہرہ کریں۔
اس سے قبل ایران کی ٹیم پیر کے روز جنوبی کوریا کے خلاف اپنے پہلے میچ سے قبل گولڈ کوسٹ اسٹیڈیم میں قومی ترانے کے دوران خاموش کھڑی رہی تھی۔
جنوبی کوریا کے خلاف میچ میں اسٹیڈیم میں موجود ایرانی شائقین نے سرخ، سبز اور سفید قومی پرچم لہرا کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کی تھی۔
ایرانی ٹیم اور مینجمنٹ اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے بعد پیدا ہونے والی جنگی صورتحال سے قبل ہی آسٹریلیا پہنچ چکی تھی، تاہم ایران میں بلیک آؤٹ کے باعث کھلاڑیوں کا اپنے اہلِ خانہ سے رابطہ محدود ہو گیا ہے۔