• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی واپسی سے ن لیگ کی لیول پلیئنگ فیلڈ واپس ہو رہی ہے، احسن اقبال

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی سے ن لیگ کی لیول پلیئنگ فیلڈ واپس ہو رہی ہے۔

جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی سے مسلم لیگ (ن) کی لیول پلیئنگ فیلڈ واپس ہو رہی ہے، ہم تمام حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے نواز شریف کو انصاف ملے گا۔ اس میں فیور کی بات نہیں، یہ حق اور انصاف کی بات ہے۔ ملک اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کےلیے مکالمہ جاری رکھنا چاہیے۔ سیاستدان اپنے مسائل خود حل کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) اپنے مسائل خود حل کرتی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قائد نواز شریف جلد چاروں صوبوں کا دورہ بھی کریں گے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو 2017 میں سازش کے ذریعے منصب سے جدا کیا گیا، پاکستان کے عوام کے دلوں سے انہیں وہ سازش جدا نہیں کر سکی۔ 2013 سے 2017 کے درمیان نواز شریف نے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی سے نجات دلائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جو ناانصافی نواز شریف کے ساتھ 18-2017 میں ہوئی تھی اب اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔

’پاکستان کو فوری انتخابات کی ضرورت ہے‘

مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے خواہشمند 10 نومبر تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں۔ فی الفور پارٹی اپنے مرکزی اور صوبائی پارلیمانی بورڈ الیکشن سیل قائم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج پارٹی نے سینیٹرعرفان صدیقی کی سربراہی میں منشور کمیٹی بھی قائم کی ہے، یہ منشور کمیٹی مختلف شعبہ جات کے ماہرین کے ساتھ رابطہ کرے گی۔ نواز شریف کی ہدایت کی ہے منشور میں انصاف کی فراہمی کو نمایاں اہمیت دی جائے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں الیکشن کروانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو فوری انتخابات کی ضرورت ہے۔ ہمیں پوری امید ہے کہ الیکشن جنوری کے آخری ہفتے میں ہو جائیں گے۔ 

معاشی گرداب سے اس وقت تک نہیں نکل سکتے جب تک مستحکم نمائندہ حکومت برسراقتدار نہیں آئے گی۔ جو اصلاحات پاکستان کو درکار ہیں اس کےلیے ایک مستحکم نمائندہ حکومت کی ضرورت ہے۔

بیرونی سرمایہ کار بھی انتخابات کے انتظار کی وجہ سے ہولڈ پر ہوتے ہیں، فوری طور پر آئین کی روشنی میں انتخابات ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات ہوں گے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔

’مغربی دنیا کی چشم پوشی قابلِ مذمت ہے‘

ن لیگی رہنما نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں خاص طور سے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی۔ ن لیگ فلسطینیوں سے یکجہتی کےلیے خصوصی جنرل کونسل کا اجلاس 4 نومبر کو لاہور میں منعقد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا نے جس طرح چشم پوشی کر رکھی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ 

قومی خبریں سے مزید