اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے الیکشن کمیشن انتخابات کا شیڈول جاری کرے۔بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ نگرانوں کا مینڈیٹ نہیں، فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں۔منصورہ میں مرکزی قیادت کے اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2018ء کے قومی انتخابات میں طاقتور طبقات کی جانب سے ایک پارٹی کو مواقع فراہم کئے گئے، یہ تاثر اب پھر قائم ہو رہا ہے، الیکشن سے قبل انہیں متنازع بنانے سے اجتناب کیا جائے، انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں، ابھی سے دھاندلی کی بنیادیں رکھ دی گئیں تو نتائج کوئی قبول نہیں کرے گا، مزید عدم استحکام پیدا ہوگا۔ امیر جماعت نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین کی مدد کے لئے حکمرانوں کے ضمیر جگانے کی جدوجہد جاری رہے گی، 12نومبر کو سیالکوٹ اور 19نومبر کو لاہور میں تاریخی غزہ مارچز کا انعقاد کیا جائے گا۔