پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ صبا فیصل اور ان کی بڑی بہو نیہا سلمان کے درمیان معاملات سلجھ گئے، اداکارہ نے سوشل میڈیا پر بہو کو ان کی سالگرہ کے موقع پر مبارک باد بھی دے دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے بہو نیہا سلمان اور بیٹے سلمان فیصل کی تصویر شیئر کی۔
سینئر اداکارہ نے انسٹا اسٹوری میں بہو کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ہیپی برتھ ڈے مائی پریٹی بہو نیہا، جیتی رہو، ایک دوسرے کے ساتھ خوش و آباد رہو۔
صبا فیصل نے سوشل میڈیا پر بہو کو ان کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کی تو بہو نے بھی جواباً اپنی ساس کی انسٹا اسٹوری ری شیئر کر کے ان کی محبت کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خوبصورتی کی تعریفیں بھی کیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں صبا فیصل نے سوشل میڈیا پر آ کر نجی وجوہات کے باعث اپنے بیٹے و اداکار سلمان فیصل اور بہو نیہا سلمان سے لا تعلقی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ نیہا جیسی منفی عورت جب کسی خاندان میں آ جاتی ہے تو گھر ٹوٹتے ہیں، میں پچھلے 4 سال سے اپنے بیٹے کی وجہ سے بہت مشکل زندگی گزار رہی ہوں۔
بعد ازاں نیہا سلمان نے بھی انسٹا اسٹوری کے ذریعے اپنی ساس صبا فیصل اور نند یعنی سعدیہ فیصل کو نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اپنی زندگی کا موازنہ ان کے ساتھ ہرگز نہ کریں جو حرام کے مزے لیتے ہیں، ہو سکتا ہے کہ وہ آپ سے زیادہ کامیاب ہوں لیکن اللّٰہ کے سامنے وہ کچھ بھی نہیں ہیں اور اسی بات کی اہمیت ہے۔
بعد میں جلد ہی صبا فیصل کو اپنے بیٹے سلمان اور بہو نیہا ملک کے خلاف سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرنے پر غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی تھیں، جس کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے جب اداکارہ نے سوشل میڈیا پر آ کر اپنی بڑی بہو سے بہتر تعلقات کا اظہار کیا ہے۔