غزہ کی پٹی میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 525 تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان وزارتِ صحت غزہ اشرف القدرہ کا کہنا ہے کہ ساڑھے 8 ہزار سے زائد شہید ہونے والوں میں 3 ہزار 542 بچے جبکہ 2 ہزار 187 خواتین شامل ہیں جبکہ ساڑھے 21 ہزار افراد زخمی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 2 ہزار سے زائد افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن میں 1100 بچے بھی شامل ہیں۔
ترجمان وزارتِ صحت غزہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں طبی عملے کے 130 افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ 25 ایمبولینسیں تباہ ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قابض اسرائیلی افواج نے 15 اسپتالوں اور 32 بنیادی نگہداشت کے مراکز کو نشانہ بنایا جبکہ 57 طبی سہولتیں فراہم کرنے والے مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایندھن کی عدم فراہمی کے باعث غزہ سٹی کے الشفاء اسپتال اور شمالی غزہ میں انڈونیشین اسپتال کے مرکزی جنریٹر آج بند ہو جائیں گے، جس سے اموات میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں فضائی اور زمینی حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حماس کے حملوں میں اب تک 1538 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔