پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کو ایک دن مسجد اقصیٰ میں خوش آمدید کہیں گے۔
انہوں نے فلسطینی سفارت خانے میں صحافیوں سے ملاقات کی اور امید ظاہر کی کہ جیت جلد ان شاء اللّٰہ فلسطین کی ہو گی۔
فلسطینی سفیر نے کہا کہ غزہ میں جو ہو رہا ہے وہ بربریت کی مثال ہے، وہاں پانی پہنچانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 25 دنوں سے غزہ جنگ کی زد میں ہے، تقریباً 4 ہزار بچے شہید ہو چکے ہیں، جدید اسلحے سے غزہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سفیر احمد جواد ربیع نے حکومتِ پاکستان و عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں جو فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں فلسطین کے ساتھ کھڑا ہونے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
فلسطینی سفیر نے یہ بھی کہا کہ فلسطین کے لیے آواز اٹھاتے رہنا ضروری ہے۔ پاکستانیوں کو ایک دن فلسطین آنے کی دعوت اور مسجد اقصیٰ میں خوش آمدید کہیں گے۔