• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگِ آزادیٔ گلگت بلتستان کے 76 سال مکمل، نگراں وزیراعظم کا پیغام

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ— فائل فوٹو
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ— فائل فوٹو

نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کا جنگِ آزادیٔ گلگت بلتستان کے 76 سال مکمل ہونے پر کہنا ہے کہ آج کا دِن گلگت بلتستان اور پورے پاکستان کے لیے تاریخ میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ایکس پر جنگِ آزادیٔ گلگت بلتستان کے 76 سال مکمل ہونے پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ گلگت بلتستان کے غیور اور محبِ وطن باسیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، آج کا دن ہماری تاریخ میں نہایت اہمیت رکھتا ہے۔

نگراں وزیرِ اعظم نے لکھا ہے کہ آج سے 76 سال پہلے گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرا راج کےخلاف نہایت دلیری کامظاہرہ کیا اور کٹھ پُتلی گورنر گھنسارا سنگھ کو ہتھیار ڈالنے پرمجبور کر دیا۔

اُنہوں نے لکھا ہے کہ گلگت بلتستان کے بہادر لوگوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کو ترجیح دی، گلگت بلتستان کی آزادی ہمارا اثاثہ اور سرمایۂ افتخار ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے لکھا ہے کہ افسوس کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان آج تک ہندوستان کے غاصبانہ پنجے میں جکڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی واضح قراردادیں موجود ہیں لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر ابھی تک حل نہیں ہو سکا۔

نگراں وزیرِ اعظم نے لکھا ہے کہ میں آج ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

اُنہوں نے لکھا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد تب تک جاری رکھے گا جب تک کہ ان کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت نہیں مل جاتا۔

انوار الحق کاکڑ نے مزید لکھا ہے کہ آج میں اقوامِ عالم کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا پُر امن حل چاہتے ہیں اور مقدس قبلۂ اوّل کی زمین پر اسرائیل کی جارحیت کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

اُنہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا کہ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے ہم سب کو اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہو گا اور قومی یک جہتی، مذہبی ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی کے ذریعے دشمن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانا ہو گا۔


قومی خبریں سے مزید