اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے رکن شیر افضل مروت کے خلاف ڈی آئی خان میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
یاد رہے کہ شیر افضل مروت نے اپنے بھائی کے ذریعے حفاظتی ضمانت کی پٹیشن دائر کی تھی جس پر رجسٹرار آفس نے شیر افضل مروت کا پاور آف اٹارنی نہ ہونے پر اعتراض عائد کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اعتراضات کے ساتھ آج شیر افضل مروت کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بغیر پاور آف اٹارنی کے کیس نہیں سن سکتے، جس پر درخواست گزار شیر افضل مروت کے وکیل نے کہا کہ شیر افضل مروت بیرون ملک ہیں، ان کے خلاف ڈی آئی خان میں مقدمہ درج ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ شیر افضل مروت کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، شیر افضل مروت کی کل وطن واپسی کی فلائٹ ہے، پاورآف اٹارنی سے مزید وقت لگ جائے گا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بغیر پاور آف اٹارنی کے ضمانت دینے کی کوئی روایت نہیں ہے۔