اسلام آباد ایئر پورٹ پر خاتون مسافر کو اس کی 40 لاکھ روپے مالیت کی اشیاء واپس کر دی گئیں۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مسافر خاتون کراچی سے اسلام آباد پہنچی تھیں، جو لیول ٹو پر واقع بے بی چینج روم میں اپنا بیگ بھول گئی تھیں۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق خاتون سینیٹری اٹینڈنٹ صوبیہ آصف نے بیگ ملنے پر بیگ ٹرمینل مینجر ارائیول کے حوالے کیا جس کے بعد ٹرمینل منیجر نے مذکورہ بیگ کو سی اے اے لوسٹ اینڈ فاؤنڈ سیکشن آفس میں جمع کرا دیا تھا۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق بیگ میں 110 برطانوی پاؤنڈ، 22830 روپے، 10 تولہ سونا، 2 موبائل اور لیڈی سوئس واچ تھی۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق اگلے ہی دن اسلام آباد ایئر پورٹ سے رابطہ کرنے پر بیگ اطمینان کے بعد مسافر کے حوالے کر دیا گیا۔