• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر: تیراہ میں آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے افسر سمیت 4 جوان شہید

خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، جس میں 3 دہشتگرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وادی تیراہ میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کا تعلق اسلام آباد سے تھا، چاروں سیکیورٹی اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئےجام شہادت نوش کیا، شہید جوانوں میں نائیک خوش دل خان، نائیک رفیق خان، لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے آپریشن کی قیادت کی، علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید