اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)قومی احتساب بیورو نے چکوال کے رہائشی حامد اقبال کو بذریعہ پولیس گرفتار کرا دیا ہے جو کہ خود کو نیب افسر ظاہر کر کے سرکاری محکموں کو جھانسہ دے رہا تھا۔ حامد اقبال نیب افسر کا لبادہ اوڑھ کر واپڈا آفس چکوال سے ناجائز فائدہ لینے کی کوشش میں مصروف تھا‘ شک ہونے پر واپڈا حکام نے نیب کو آگاہ کیا تو معلوم ہوا کہ حامد اقبال نیب کا ملازم تک نہیں تھا اور وہ جھانسہ دے کر مال بنانے کی کوشش میں تھا۔ نیب نے مقامی پولیس کو باضابطہ شکایت درج کرائی جس کے نتیجے میں حامد اقبال کو گرفتار کر لیا گیا۔ نیب نے ملک بھر کے عوام کو ایسے مشکوک افراد کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں یا براہ راست نیب کو دینے کی درخواست کی ہے۔