انواب شاہ (نمائندہ جنگ)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے ) عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور عوام کی طاقت سے 15 سالوں سے مُسلط سندھ میں عوام دشمن کرپٹ ٹولے کو شکست دیکر اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی، زرداری لیگ سے ون ٹو ون مقابلے کی ضرورت ہے، جلد کراچی سے کشمور تک عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں جلسہ عام کیے جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار جی ڈی اے رہنمائوں ضلع نوابشاہ کی پارٹی رابطہ کمیٹی کے اجلاس اور پریس کانفرنس میں کیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر صفدر علی عباسی ، سردار عبدالرحیم ، سید زین شاہ و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے جی ڈی اے کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے کہا کہ پیر صاحب پگارا کی قیادت میں ہی 15 سالوں سے سندھ پر قابض لٹیروں سے چھٹکارا حاصل ہوسکتا ہے ، زرداری لیگ سے ون ٹو ون مقابلہ کی ضرورت ہے ، اگر زرداری لیگ کو شکست نہیں دی گئی تو سندھ کا خدا حافظ ہے ، دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے اطلاعات سیکرٹری سردار عبدالرحیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ترقی کی خاطر سندھ کے وسائل ایمانداری سے سندھ کے عوام پر لگانے ہونگے، 75 سالوں سے سندھ کے وسائل لوٹے گئے ہیں۔