پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ شکر ہے الیکشن کی تاریخ سامنے آ گئی، اللّٰہ اللّٰہ کر کے الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوا ہے، جس پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کا چاند مبارک ہو۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ بہت ساری سیاسی جماعتیں ہماری مخالف ہیں، مقابلہ کرنا تو اچھا لگتا ہے، آپ بات کریں آپ کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو کا فلسفہ لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے، اسی لیے ہم کہتے ہیں کہ بھٹو آج بھی زندہ ہے، فلسفہ نہیں مر سکتا، اسی فلسفے کی بنیاد پر پیپلز پارٹی چل رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا ہے کہ ہم جب الیکشن کی بات کرتے ہیں تو دیگر جماعتوں کو تکلیف ہوتی ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت میں جو ترقیاتی کام ہوئے وہ اس سے پہلے نہیں ہوئے۔
شازیہ مری نے کہا کہ سانگھڑ میں جو روڈ نیٹ ورک آج ہیں وہ پہلے کبھی نہیں تھے، سانگھڑ میں پیپلز پارٹی نے تاریخی خدمت کی ہے، ملک کے باہر بیٹھ کر تھر کے بچوں پر باتیں کی جا رہی ہیں، کچھ شر پسند لوگوں نے پاکستان مخالف نعرہ لگایا، آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، بلاول بھٹو نے کہا وزیرِ اعظم لاہور سے نہیں ہو گا لوگوں کو بات بری لگ گئی، پیپلز پارٹی کو تہذیب کے دائرے میں رہ کر جواب دینا آتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام کو بار بار نیچا دکھانے کی کوشش کی گئی ہے، کہا جاتا ہے کہ سندھ کے لوگ جذبات میں ووٹ دیتے ہیں، بیوقوف ہیں، سندھ کے لوگ بیوقوف نہیں جو یہ کہتے ہیں وہ خود بیوقوف ہیں، سندھ کے لوگ انتہا پسندی اور سازشوں کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک میں اداروں کو ٹارگٹ کیا، اختلاف رکھنا جمہوری حق ہے، لیکن یہ مطلب نہیں کہ انتشار پھیلائیں، 9 مئی کو بہت ساری حدیں پار ہوئیں، ہمیں تکلیف پہنچائی گئی، پی ٹی آئی حکومت کا مقصد لوگوں کو انسانی حقوق سے محروم کرنا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان کی ترقی کو فل اسٹاپ لگ گیا تھا۔
شازیہ مری کا یہ بھی کہنا ہے کہ غزہ میں انسانیت کو روندا جا رہا ہے، جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ فلسطین کے حق میں آواز بلند کی ہے۔