سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) نیو سبزی منڈی سیالکوٹ میں سبزیوں اور پھلوں کو تولنے کیلئے فری کاونٹر قائم کردیا گیا ‘ جہاں پر خریدار اپنے سامان کو تول کر تسلی کر سکتے ہیں جبکہ ناپ تول میں گڑبڑ کی صورت میں متعلقہ دکاندار اور آڑھتی کے خلاف موقع پر ہی کارروائی عمل میں لائی جاسکے گی ۔ یہ بات ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے نیو سبزی منڈی سیالکوٹ دورہ کے دوران ویٹ ٹیسٹ کاونٹر کا معائنہ کرتے ہوئے بتائی۔ دریں انثا ڈی سی اوسیالکوٹ نے سیالکوٹ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ سیالکوٹ کے ٹرسٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ پبلک سکول پسرور روڈ کا جونیئر کیمپس شہر میں تعمیر کیا جائے گا ‘ کم سے کم فیسوں میں تعلیم کی معیار ی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں ای ڈی او فنانس سیالکوٹ شجاع قطب،پروفیسر منور احمد ودیگر بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں سکول کے آئندہ مالی سال کی بجٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔