انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی۔
شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف کے سامنے پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت وکیلِ صفائی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آئی جی پنجاب لکھ کر دے چکے ہیں کہ شیخ رشید کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں، انہیں 9 مئی کے 13 مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔
جج ملک اعجاز آصف نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شیخ صاحب لگتا ہے کہ آپ کا چلّہ آپ کو الٹا پڑ گیا۔
جس پر شیخ صاحب نے جواب دیا کہ میرے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا، سب مقدمات میرے چلّے کے بعد کے ہیں۔
عدالت نے 18 نومبر تک شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
علاوہ ازیں، عدالت نے شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کے مقدمات کی درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت بھی دے دی۔