سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور شاہ محمود کی بیٹیاں جیل میں قائم عدالت پہنچ گئیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت جاری ہے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین اڈیالہ جیل سماعت کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کی 2 بیٹیاں اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں، بھانجا اور اہلیہ بشریٰ بی بی کمرۂ عدالت میں موجود ہیں۔
چئیرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر اور بیرسٹر عمیر نیازی، ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے۔
شاہ محمود قریشی اور چیئرمین پی ٹی آئی بھی کمرۂ عدالت میں موجود ہیں۔
’’سائفر کیس کے ٹرائل میں مزید 5 سے 6 ہفتے لگ سکتے ہیں‘‘
اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور نے کہا تھا کہ عدالت نے ملزمان کے فیملی ممبرز کو سماعت میں آنے کی اجازت دی ہے۔
شاہ خاور کا کہنا ہے کہ سائفر کیس کے ٹرائل میں مزید 5 سے 6 ہفتے لگ سکتے ہیں۔
پراسیکیوٹر شاہ خاور کا کہنا ہے کہ فریقین کا اتفاق ہو چکا ہے، ہر سماعت پر 3 گواہان پیش ہوں گے، گزشتہ سماعت پر وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث گواہان پیش نہیں ہوئے تھے، آج 3 گواہان پیش کریں گے۔
اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی سخت
سائفر کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ جیل کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔