مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا مشن بلوچستان رنگ لانے لگا، 30 سے زائد سیاسی شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں مسلم لیگ (ن) میں سیاسی شخصیات کی شمولیت کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، پرویز رشید اور دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر 30 سے زائد سیاسی شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا، جن میں بی اے پی، بی این پی مینگل، نیشنل پارٹی، پی ٹی آئی، پی پی پی کے سابق اراکان پارلیمنٹ شامل ہیں۔
ن لیگ میں شامل ہونے والوں میں سابق وزیراعلیٰ جام کمال، سابق وزراء میر سلیم کھوسہ، نور محمد دمڑ، ربابہ بلیدی، بی اے پی کے سردار عبدالرحمان کھیتران، محمد خان لہڑی، سردار مسعود لونی، شعیب نوشیروانی، عاصم کرد، رامین محمد حسنی، دوستین کے نام سرفہرست ہیں۔
اس سے قبل کوئٹہ میں سیاسی سرگرمیوں کے پہلے دن نواز شریف سے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے خالد مگسی، نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے نواب ایاز جوگیزئی اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے مولوی غلام سرور، عثمان بادینی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی۔
اس دوران نواز شریف نے سب کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ماضی میں ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلے تھے، آئندہ بھی سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت پر چلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کر کے اور بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھا کر ترقی کا سفر شروع کیا تھا، بلوچستان کی ترقی انہیں ہمیشہ سے عزیز رہی ہے۔
ن لیگی قائد کوئٹہ میں مزید ایک دن رکیں گے اور کل پارٹی ورکرز سے خطاب کریں گے۔