استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنما عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ اسد عمر سے رابطے میں ہیں، ابھی پارٹی میں آنے کا نہیں کہا۔
احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ اسد عمر کے ساتھ طویل سفر کیا ہے، افسوس اچھے فیصلے نہیں کر سکے جو لیڈر شپ کو کرنے چاہیے تھے۔
عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے، اپنی ذات کے لیے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے، عوام کے لیے کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساری زندگی تحریکِ انصاف میں رہا اور تمام وسائل پی ٹی آئی کو دیے، اس کے لیے محنت کی لیکن فیصلے غلط ہوئے تو قیمت چکانی پڑتی ہے، آئی پی پی بھی ساری پی ٹی آئی ہے اور فیملی کی طرح ہے۔
عامر محمود کیانی نے مزید کہا کہ استحکامِ پاکستان پارٹی میں سب ایماندار ہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہو گی، ہر دور میں ایسا ہوا، استحکامِ پاکستان پارٹی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کی بہتری کے لیے پوری پی ٹی آئی استحکامِ پاکستان پارٹی میں آ جائے، فواد چوہدری سے کوئی اختلاف نہیں وہ ہمارے بھائی ہیں۔