کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی وائٹس نے ملتان ریجن کو پاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں 43 رنز سے شکست دیدی۔ کم روشنی کی وجہ سے اس میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس قانون کےتحت ہوا۔ کراچی وائٹس اور پشاور کا فائنل اتوار کو پنڈی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ جمعہ کو راولپنڈی میں ملتان نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جو 44.3 اوورز میں 280 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ملتان نے 41 اوورز میں 9 وکٹ پر229 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا ۔ کراچی وائٹس کے اوپنرز شان مسعود اور صائم ایوب نے 106 رنز کا اضافہ کیا۔ شان مسعود 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب نے 86گیندوں پر 95 رنز 12 چوکے اور چھکے کی مدد سے بنائے ۔ حبیب اللہ 40 ،دانش عزیز 33 اور کپتان سرفراز احمد 28رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ملتان کے محمد عمران نے 3 ، محمد صداقت اور فیصل اکرم نے دو دو وکٹ لیے۔ ملتان کو ابتدا ہی میں دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ غلام مدثر نے شرجیل خان کو صفر اور زین عباس کو 6 رنز پر آؤٹ کردیا۔ صہیب مقصود 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ حسیب اللہ نے 108گیندوں پر 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 106 رنزناٹ آؤٹ بنائے ۔ سہیل خان نے4 ، غلام مدثر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔