• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چکوال: کم سن طالب علموں سے زیادتی کے دونوں ملزمان گرفتار

علامتی فوٹو
علامتی فوٹو

چکوال میں کم سن طالب علموں سے زیادتی کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

پولیس کے مطابق ملزمان کو گزشتہ رات مدرسے کی انتظامیہ کے تعاون سے گرفتار کیا گیا۔ 

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی نشاندہی سی سی ٹی وی ویڈیوز کی مدد سے کی گئی۔ ملزمان کو متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کے بیانات کی روشنی میں گرفتار کیا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں ملزمان سے ابتدائی تفتیش جاری ہے۔

ادھر ترجمان مدرسہ کا کہنا ہے کہ 10 نومبر کو 2 بچوں نے مدرسے کے ایڈمن آفس میں شکایت کی تھی۔ 

انہوں نے بتایا کہ بچوں کے والدین نے 2 اساتذہ کی جانب سے بچوں پر تشدد اور زیادتی کی شکایت کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مدرسے کی سی سی ٹی وی ویڈیوز کو انتظامیہ نے دیکھا، ان میں بچوں کے ساتھ تشدد اور زیادتی دیکھی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ والدین نے دونوں اساتذہ کے حوالے سے فیصلہ مدرسے کی انتظامیہ پر چھوڑا۔ مدرسہ انتظامیہ نے دونوں اساتذہ کو 11 نومبر کو فارغ کردیا۔ 

انکا کہنا تھا کہ ڈی پی او چکوال نے گزشتہ روز تفتیش کی اور متاثرہ بچوں کے بیانات ریکارڈ کیے۔ چند بچوں کے جسموں پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے۔

ترجمان مدرسہ نے کہا کہ 15 میں سے 4 بچوں کے والدین نے زیادتی اور تشدد پر تشویش کا اظہار کیا۔

ملزمان کی گرفتاری سے متعلق ترجمان مدرسہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کروانے میں مدرسے نے تعاون کیا۔

قومی خبریں سے مزید