سیشن کورٹ لاہور نے ڈیفنس کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں کم عمر ملزم افنان کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔
عدالت میں ڈیفنس کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں کم عمر ملزم افنان کی قتل کی دفعات کے تحت دائر درخواستِ ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج شاہد محمود نے سماعت کی، جس کے دوران مدعیٔ مقدمہ رفاقت علی اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے۔
مدعی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہو گئی ہیں اور ملزم افنان کا دہشت گردی عدالت سے جسمانی ریمانڈ منظور ہو چکا ہے۔
مدعی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمے میں ضمانت کا اختیار اب دہشت گردی عدالت کا ہے، عدالت ضمانت غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دے۔
دوسری جانب ملزم کے وکیل نے کہا کہ اب اس مقدمے میں پولیس نے دہشت گردی کی دفعات شامل کردی ہیں اس لیے ہم ضمانت کی درخواست واپس لے رہے ہیں۔
جس کے بعد عدالت نے ملزم افنان کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔