نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی سے چین کے سفیر زیڈونگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاک چین تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران ملاقات نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان کئی دہائیوں پر مشتمل دوستی دنیا بھر کیلئے مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چین کا کامیاب دورہ کیا۔ نگراں وزیراعظم کے دورے سے سیکیورٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہو گا۔
نگراں وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اگلا ہدف دورے کے دوران کیے گئے معاہدوں کو عملی جامہ پہنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کا گلوبل سیکیورٹی انیشیٹیو قابل ستائش ہے۔ گلوبل سیکیورٹی بڑھانے کیلئے پاکستان عالمی تعاون میں فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔
چینی سفیر نے چینی باشندوں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔