مائیکرو سافٹ نے جدید ترین ریسرچ لیب میں تحقیق کی قیادت کے لیے اوپن اے آئی کے سیم آلٹمین ( Sam Altman) کو اہم ترین عہدہ دیدیا۔
مائیکرو سافٹ نے یہ اقدام مصنوعی ذہانت کی بڑی کمپنی اوپن اے آئی کی جانب سے سیم آلٹمین کی بطور سی ای او واپسی مسترد کیے جانے پر کیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اوپن اے آئی کی جانب سے کمپنی کے بانیوں میں سے ایک سیم آلٹمین کو واپس نہ لینے پر ادارے میں افراتفری مچ گئی ہے۔
اوپن اے آئی کے تقریباً 8 سو میں سے 7 سو سے زائد ملازمین نے دھمکی دی ہے کہ نکالے گئے سیم آلٹمین کو بطور سی ای او واپس نہ لایا گیا تو وہ بھی مائیکرو سوفٹ میں ملازمت اختیار کرلیں گے۔
رپورٹس کے مطابق اوپن اے آئی چیٹ جی پی ٹی چیٹ بوٹ بنانے کے حوالے سے مشہور ہے، کمپنی نے آلٹمین کو نکالنے کی وجہ یہ بتائی ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت کے سبب لاحق خطرات کو نظرانداز کر رہے تھے اور کمپنی کو اس کے مقاصد سے دور لے جارہے تھے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کمپنی کے سابق صدر Greg Brockman کو بھی نکال دیا گیا ہے جس پر اس ٹیک کمپنی کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔