رہنما مسلم لیگ ن عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی تمام قانونی رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کی تاحیات نااہلی کی سزا کو قانون سازی کے ذریعے 5 سال کی نااہلی میں تبدیل کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب کوئی سیاستدان 5 سال سے زائد نااہل نہیں رہ سکے گا۔
پروگرام کیپٹل ٹاک میں شریک ترجمان تحریک انصاف نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا کہ میاں نوازشریف کی نااہلی کی سزا برقرار ہے کیونکہ آرٹیکل 12 کے مطابق جس وقت جرم ہوا ہے اس وقت کا قانون لاگو ہوگا۔
نعیم حیدر پنجوتھا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو محض الیکشن ایکٹ کے اندر ترامیم کرکے رد نہیں کیا جاسکتا لہٰذا میاں نواز شریف کی تاحیات نااہلی کی سزا برقرار ہے۔