امریکی اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ غزہ جنگ میں 4 روز کے وقفے میں ایک روز کی تاخیر کا فیصلہ 4 ملکوں نے کیا ہے۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جنگ میں وقفے میں ایک روز کی تاخیر کا فیصلہ اسرائیل، قطر، مصر اور امریکا نے مل کر کیا ہے۔
امریکی اعلیٰ عہدے دار کا کہنا ہے کہ تفصیلات کی حتمی شکل اور غلطیوں کے امکان کم کرنے کے لیے مزید وقت درکار تھا، اسرائیل کو ابھی تک فلسطینی یرغمالیوں کے پہلے گروپ کے نام نہیں ملے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی پر عمل درآمد کل تک مؤخر کر دیا ہے جس کے بعد جنگ میں وقفہ اور یرغمالیوں کی رہائی کل شروع ہو گی۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بم باری میں 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 33 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔