شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز خان ورک کی موجودگی میں بھتہ خوروں نے سابق ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ کو فون کرکے دوبارہ 20لاکھ روپے تاوان کی رقم کا مطالبہ کردیا ، ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ جو آج کل ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد میں کارڈیالوجسٹ ہیں کے گھر پر بھتہ خوروں کی فائرنگ کی اطلاع پا کر ڈی پی او سمیت متعدد پولیس افسران پہنچ گئے جن کی موجودگی میں کئی روز سے کالز کرنے والے بھتہ خوروں کی فون کال آگئی جو ڈی پی او سمیت تمام اعلیٰ پولیس افسروں نے سنی جس میں بھتہ خوروں نے ڈاکٹر موصوف سے کہا کہ تم نے فائرنگ سن لی ہے بھتہ نہ دیا تو فائرنگ تم پر بھی ہوسکتی ہے ہم پہلے بھی شیخوپورہ سول لائن میں پرائیویٹ ہسپتال کے مالک ڈاکٹر سمیت کئی لوگوں سے بھتہ لے چکے ہیں، بھتہ خوروں کی کالز کے بعد ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ کے گھر پر بھی پولیس کا عملہ تعینات کردیا گیاہے بھتہ خور بذریعہ انٹر نیٹ کالز بھتہ مانگ رہے ہیں، باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ بھتہ خوروں نے اپنی ڈیمانڈ 20لاکھ سے کم کرکے 12لاکھ کردی ہے ، ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس نے اس سلسلہ میں تفتیش کیلئے ڈی ایس پی سٹی سرکل راجہ فخر بشیر کی سربراہی میں دو علیحدہ علیحدہ ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں اور کچھ عرصہ قبل ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ کیساتھ لڑائی جھگڑا کرنے والے افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔