• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں،انتخابی تیاریوں پر تبادلہ خیال

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں، سابق ارکان اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقاتیں کی ہیں۔

لاہور میں شہباز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللّٰہ، سردار ایاز صادق، اویس لغاری، دوست محمد مزاری اور عطا اللّٰہ تاڑ شامل ہیں۔

ن لیگی صدر سے ملنے والوں میں سابق ایم این اے قیصر احمد شیخ بھی شامل تھے، ملاقاتوں کے دوران تنظیمی امور اور انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے شہباز شریف کو اپنے علاقوں میں جاری انتخابی تیاریوں سے متعلق آگاہی دی۔

شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے اور کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ’جرم ضعیفی‘ کی سزا سے بچنے کےلئے مل کرکام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معاشی خودانحصاری کا خواب حقیقت بنائیں گے، نوجوان ہمارے ملک کاقیمتی اثاثہ ہیں، انہیں تعلیم یافتہ، ہنرمند بنانا ہوگا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ معاشی طور پر مضبوط پاکستان امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کا تجربہ صرف ن لیگ کے پاس ہے، نواز شریف کی قیادت میں روشن، ترقی کرتے پاکستان کا سفر پھر سے شروع کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید