کراچی پولیس چیف کی جانب سے شہر قائد میں شاپنگ مال میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کےلیے بنائی گئی ٹیم آگ سے متاثرہ شاپنگ مال کا معائنہ کرنے پہنچ گئی۔
راشد منہاس روڑ پر جوہر موڑ کے قریبی شاپنگ مال میں آگ لگنے کے واقعے میں 11 اموات ہوئی تھیں۔
کراچی پولیس چیف نے ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن شرقی پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم بنائی تھی۔
تحقیقاتی ٹیم 7 روز میں اپنی فائنڈنگ پر مبنی رپورٹ مکمل کر کے کراچی پولیس چیف کو ارسال کرے گی۔
پولیس حکام کے مطابق کمیٹی شاپنگ مال میں آگ لگنے کے واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کرے گی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے کہا کہ ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جس میں 11 اموات ہوئیں، 5 افراد زخمی بھی ہیں جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ نے مزید کہا کہ تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں این ای ڈی یونیورسٹی سے پروفیسر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 6 منزلہ عمارت کو سیل کر رہے ہیں، جسے آج خالی کروالیا جائے گا۔ اس عمارت کی رپورٹ آنے تک اسے بند کردیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے کہا کہ جو بھی ذمہ دار ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔