لاہور(آئی این پی ) اسموگ کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات کے باوجود لاہور تاحال دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے ۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باوجود لاہور شہر کا مجموعی ایئرکوالٹی انڈیکس 356 ریکارڈ کیا گیا ۔ مال روڈ پر ٹریفک بند ہونے کے باوجود ایئر کوالٹی انڈیکس 458 ریکارڈ کیا جا رہا ہے، ڈی ایچ اے فیز 8 کے علاقے میں فضائی آلودگی 437، گلبرگ میں اے کیو آئی 412 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جوہر ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 402 پر جا پہنچا ہے۔ شہر کی زہریلی فضا میں سانس لینا بھی محال ہوگیا ہے، اسموگ کے باعث روزانہ ہزاروں مریض رپورٹ ہونے لگے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی فضائی آلودگی کے باعث ہزاروں کی تعداد میں مریض رپورٹ ہو رہے ہیں، اسموگ کے دوران بچے اور بزرگ شہری خصوصی احتیاط برتیں، گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔