پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے اور بلے باز امام الحق اور اہلیہ ڈاکٹر انمول محمود کے ولیمے کی خوبصوت تصاویر و ویڈیوز منظرِ عام پر آ گئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر و ویڈیوز میں جہاں امام الحق اور انمول محمود کی جوڑی دیدنی لگ رہی ہے وہیں سابق کپتان بابر اعظم نے بھی سب کی توجہ حاصل کی۔
ولیمے کی اس پُر مسرت تقریب میں انمول محمود نے لاجونتی نامی ڈیزائنر کے ہلکے سبز رنگ کے لہنگا چولی کا انتخاب کیا جبکہ امام الحق گہرے نیلے رنگ کے پینٹ سوٹ کے ساتھ سفید رنگ کی شرٹ اور ہلکے پیچ (peach) رنگ کی ٹائی میں نظر آئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل مختلف ویڈیوز میں ولیمے کی اس یاد گار تقریب میں ہونے والی آتش بازی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
ایک وائرل ویڈیو میں قومی ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی یہ کہتے نظر آئے کہ وہ امام کے ولیمہ پر بہت خوش ہیں۔
تاہم سرمائی رنگ کے سوٹ بوٹ میں ملبوس سابق کپتان بابر اعظم نے سب کی توجہ سمیٹی، حتیٰ کہ ایک وائرل تصویر میں سابق کپتان دلہنیا کی بھی توجہ کا مرکز بنے دکھائی دیے۔
خیال رہے کہ کرکٹر امام الحق کی دعوتِ ولیمہ میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود، ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہین آفریدی اور سابق کپتان بابر اعظم، چیف سلیکٹر وہاب ریاض، سرفراز احمد، اظہر علی، مصباح الحق، عابد علی، حسن علی، کامران اکمل، عثمان قادر، وہاب ریاض اور انضمام الحق سمیت دیگر نے شرکت کی۔
تقریب میں قومی ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر منصور رانا، سابق ڈائریکٹر پی سی بی ذاکر خان بھی شریک ہوئے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ولیمے کی تقریب ان کے آبائی گاؤں پھول نگر میں دھوم دھام سے ہوئی جس میں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال، سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان، سابق کھلاڑی مصباح الحق سمیت متعدد مقامی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔