بلوچستان کی حکومت اور ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام کل بروز ہفتہ کوئٹہ میں باکسنگ کا انٹر نیشنل ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے۔ ایونٹ میں شرکت کے لیے انٹرنیشنل باکسرز کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔
ایونٹ میں ڈبلیو بی اے کے 3 ٹائٹل فائٹ سمیت 8 مقابلے ہوں گے۔
ایونٹ میں شرکت کے لیے کوئٹہ پہنچنے والے انٹرنیشنل باکسرز نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کی اور بہترین مہمان نوازی اور اچھا ماحول فراہم کرنے پر پاکستان اور بلوچستان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، کوئٹہ آ کر انہیں اچھا محسوس ہوا اور عزت ملی۔
انٹرنیشنل باکسرز کا کہنا تھا کہ پاکستان آ کر وہ پرجوش ہیں، باکسنگ کے دلچسپ مقابلے ہوں گے، ہمارا فوکس اپنی فائٹ پر ہوگا، کوشش ہوگی کہ اپنی فائٹ جیت جائیں۔
پریس کانفرنس کے موقع پر شہریوں نے باکسنگ کے انٹرنیشنل فائٹرز کو اپنے درمیان میں پا کر خوشی کا اظہار کیا اور باکسرز کے ساتھ سلفیاں بھی لیں۔
10 مئی کو ہونے والے انٹرنیشنل باکسنگ کے ایونٹ میں ڈبلیو بی اے کے 3 ٹائٹل فائٹ سمیت 8 مقابلے ہوں گے جس میں پاکستان، فلپائن، میکسیکو، وینزویلا، یو کے اور مراکو سمیت مختلف ممالک کے مجموعی طور پر 16 باکسرز اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔