قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ قطر متعلقہ فریقوں کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے لیے کام کر رہا ہے۔
دوحہ میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ غزہ میں 4 روزہ جنگ بندی میں کل 69 یرغمالی رہا ہوئے۔
قطر کے ترجمان نے مزید کہا کہ غزہ میں مکمل جنگ بندی کیلئے کوششیں بڑھا دی ہیں۔ غزہ میں انسانی امداد مسلسل پہنچنے کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قطر نے غزہ کیلئے 910 ٹن امدادی سامان سے لدے 27 طیارے مصر بھیجے ہیں۔
ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ مذاکراتی عمل مشکل ہے، ہر پارٹی کے اپنے مطالبات اور تحفظات ہیں۔ ہم چیزوں کو حل کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، سب سے سخت فریق اسرائیل تھا۔
قطر کے ترجمان نے کہا کہ غزہ جنگ بندی میں 2 روزہ توسیع میں 20 اسرائیلی یرغمالی رہا ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ترجیح سویلین خواتین اور بچوں کو رہا کیا جانا ہے۔