کراچی کے جناح اسپتال میں بچے کی لاش چھوڑنے کے واقعے میں پولیس نے گاڑی کے مالک کے گھر پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران گاڑی کا مالک نہیں مل سکا جبکہ گاڑی بھی وہاں موجود نہیں تھی۔
پولیس حکام کے مطابق ڈیفنس فیز 8 کے رہائشی کے نام پر گاڑی رجسٹرڈ ہے۔
پولیس نے گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کے ذریعے اس کے مالک کے گھر پر چھاپہ مارا تو وہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گھر میں موجود خواتین سے پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ اویس گھر سے باہر کسی کام سے گیا ہوا ہے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ فوری طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
یاد رہے کہ جناح اسپتال کراچی کی ایمرجنسی میں 2 نامعلوم افراد 8 سال کے بچے کی لاش چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے، جس سے متعلق انکشافات سامنے آئے ہیں۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا تھا کہ بچے پر تشدد کیا گیا، اُس کے ساتھ زیادتی کی تصدیق بھی ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بچے کے جسم سے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں، لیب رپورٹ کے بعد اس حوالے سے مزید معلومات سامنے آئیں گی۔