لاہور کے قریب کالج کی طالبات کی بس پر فائرنگ کے کیس میں پولیس نے 27 طالبات، 2 اساتذہ اور بس ڈرائیور کا بیان قلمبند کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 30 افراد سے رات ایک بجے سے صبح 6 بجے تک پوچھ گچھ کی گئی، طالبات نے بتایا بس میں میوزک چلنےکی وجہ سے گولی کی آواز کا پتا نہیں چلا، بس کے شیشے ٹوٹنے پر طالبات کے زخمی ہونے کا علم ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طالبات اور بس ڈرائیور سے پوچھ گچھ میں ٹارگٹڈ کارروائی ثابت نہیں ہوئی، جیو فینسنگ رپورٹ میں مشتبہ نمبرز کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا، مرکزی ملزم کو ٹریس کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل رائیونڈ روڈ پر سندر کے قریب نجی کالج کی طالبات کی بس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی، جس میں دو طالبات زخمی ہوئیں، واقعے کا مقدمہ زخمی طالبہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔