نگراں وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کی پوزیشن نیوٹرل ہے، ہمارے لیے سب برابر ہیں، وزارت داخلہ سے میاں صاحب کو کوئی ریلیف نہیں ملا، سیکیورٹی تھریٹس ہیں، لیکن ہمیشہ کی طرح چیلنجز سے نمٹ لیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ عام انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے، ہم شفاف انتخابات کےلیے ہر طرح کی سیکیورٹی فراہم کریں گے۔
نگراں وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہمارے لیے تمام لوگ قابل عزت ہیں، سب اپنی الیکشن مہم چلائیں، پی ٹی آئی کو تھریٹ نہیں، مولانا فضل الرحمان کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔
سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا معاملہ عدالتوں میں ہے، زیر التوا معاملے پر بات کرنا مناسب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ ملزم کو گرفتار کیا گیا اور ریسٹ ہاؤس میں ٹھہرایا گیا، ایسا نہیں ہوا کہ ایک ملزم کو دیکھ کر عدالت میں کہا جائے کہ گڈ ٹو سی یو۔
نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں کافی وقت کے بعد پیپلز پارٹی نے اتنا بڑا جلسہ کیا، لیول پلیئنگ فیلڈ تھی تو پی پی جلسہ کرپائی۔